پاکستان اور سعودی عرب نئے اقتصادی تعلقات میں داخل ہو گئے

ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک سعودی اقتصادی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

وہ سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق پاکستان سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے سعودی عرب کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے اہداف مقرر کیے جا رہے ہیں۔

سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی تاجر برادری کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانیوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے سعودی وزیر نے دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی پاک دوستی کے جذبات کو ابھارنے پر زور دیا